لندن۔جب آئی سی سی میں بگ تھری کا یہ نیا انتظامی ڈھانچہ پیش کیا گیا تھا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت کے چیئرمین ذکا اشرف نے اس کے حق میں ووٹ نہیں دیا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے میلبرن میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جون 2015 سے ایک سال کی مدت کے لیے آئی سی سی کا سربراہ پاکستان سے ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی کے اس سالانہ اجلاس میں اس اجلاس میں پاکستان کو بہت سی کامیابیاں اور مراعات حاصل ہوئی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کو آئی سی سی میں بگ فور کیٹیگری مل گئی ہے یعنی پاکستان کو آئی سی سی کے بگ تھری ممالک ہندوستان انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد چوتھے ملک کی حیثیت دے دی گئی ہے۔پی سی بی کے مطابق آئی سی سی کو اگلے آٹھ سال میں نشریات اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی سے ہندوستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد پاکستان کو سب سے زیادہ حصہ ملے گا۔پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ بورڈوں نے اس سال کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان چھ دو طرفہ سیریزوں کے لیے جس مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے تھے اب اس کو ایک باقاعدہ معاہدے کی شکل دے دی گئی ہے۔ نجم سیٹھی کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی سے جو مراعات حاصل کی گئی ہیں وہ باقائدہ محنت اور بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہیںپی سی بی کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والی ان چھ دو طرفہ کرکٹ سیریزوں میں پاکستان چار کی میزبانی کرے گا اور حالات کے مطابق یہ سیریز پاکستان یا پھر متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائیں گی۔میلبرون میں ہونے والے آئی سی سی کے اس سالانہ اجلاس میں آئی سی سی کے نئے آئین کے مطابق بننے والے
انتظامی ڈھانچے کی منظوری کے بعد بھارت کے این سری نواسن آئی سی سی کے پہلے چیئرمین بن گئے ہیں۔ این سری نواسن کو ہندوستانی سپریم کورٹ نے بد عنوانی کے معاملات کی آزادانہ تحقیقات کے لیے بی سی سی آئی کی صدارت سے عارضی طور پر ہٹا رکھا ہے تاہم وہ اجلاس کے دوران پرزور طریقے سے یہ کہتے رہے کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔یاد رہے کہ جب آئی سی سی میں بگ تھری کا یہ نیا انتظامی ڈھانچہ پیش کیا گیا تھا تو دنیائے کرکٹ میں اس پر سخت تنقید کی گئی تھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت کے چیئرمین ذکا اشرف نے اس کے حق میں ووٹ نہیں دیا تھا۔ اس کے بعد ذکا اشرف کو ہٹا کر نجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کا چیئرمین لگا دیا گیا تھا۔نجم سیٹھی کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی سے جو مراعات حاصل کی گئی ہیں وہ باقاعدہ محنت اور بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔