جدید ٹیکنالوجی کی بدولت زندگی پر آسائش اور آرام دہ تو ہوگئی ہے لیکن اس کا بے تحاشا استعمال انسانی صحت کے لیے مضر بھی ثابت ہورہا ہے اور ایک نئی تحقیق کے مطابق آئی پیڈ اور ٹیبلٹ پرموجود سفید دھات جسے ’’نکل‘‘ کہا جاتا ہے کی وجہ سے جسم الرجی کا شکار ہو سکتا ہے۔امریکی میڈیکل میگزین میں شائع تحقیق کے مطابق کم و بیش تمام ہی الیکٹرانک ڈیوائسز میں نکل موجود ہوتا ہے جس میں آئی پیڈ، لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون شامل ہیں۔ تحقیق کے مطابق حال ہی میں ایک سے گیارہ سال کے بچے کے جسم پر الرجی کا معائنہ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ یہ الرجی نکل کے باعث ہے۔ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ بچے کی جلد کے جب ٹیسٹ کئے گئے تو یہ بات سامنے آئی کہ جسم پر بننے والے سرخ رنگ کے نشان نکل الرجی کے باعث بنے ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچے کے والدین نے اس کے لیے 2010 میں آئی پیڈ خریدا تھا جس کے مسلسل استعمال سے اسے الرجی ہوگئی۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے علاوہ زیوارت اور چشموں کے فریم پربھی نکل موجود ہوتا ہے جو الرجی کا باعث بن سکتا ہے۔