لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکر کی رہائش گاہ پر ہوئی لاکھوں کی چوری کا انکشاف نہ ہونے سے ناراض ان کی اہلیہ سماجی کارکن نوتن ٹھاکر آج دوپہر کچھ لوگوں کے ساتھ ڈی جی پی دفتر دھرنا دینے کیلئے پہنچ گئیں۔ آئی پی ایس کی اہلیہ کے دھرنا دینے کی بات سن کر پولیس حیران رہ گئی۔ اس کے بعد ایس ایس پی پروین کمار نے نوتن ٹھاکر سے فون پر بات چیت کر کے ان کے گھر ہوئی چوری کا تین دن کے اندر انکشاف کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایس ایس پی کی یقین
دہانی پر نوتن ٹھاکر نے دھرنا تو نہیں دیا لیکن ڈی جی پی کے نام ایک عرضداشت عوامی شکایت سیل میں دی ہے۔ آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکر کی اہلیہ نوتن ٹھاکر نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ گزشتہ ۱۴؍اکتوبر کی شب غازی آباد گئی تھیں۔ ۱۶؍اکتوبر کی صبح جب وہ لوگ گھر پہنچے تو دیکھا کہ گھر میں چوری ہو چکی تھی۔ چور ان کے گھر سے پچاس ہزار روپئے نقد اور چار لاکھ روپئے زیورات چوری کر لے گئے تھے۔ اس معاملہ میں انہوں نے گومتی نگر تھانہ میں چوری کی رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔ پانچ دن گزر جانے کے بعد بھی جب پولیس چوروں کو نہیں پکڑ سکی تو پولیس کا یہ رویہ سماجی کارکن نوتن ٹھاکر کو ناگوار گزرا۔ دو شنبہ کی دوپہر تقریباً بارہ بجے وہ اپنے ہمراہ کچھ لوگوں کو لیکر ڈی جی پی دفتر دھرنا دینے کیلئے تیاری کرنے لگیں۔ اس بات کی اطلاع جب ایس ایس پی پروین کمار کو ہوئی تو انہوں نے صبح تقریباً دس بجے فون پر نوتن ٹھاکر سے بات کر کے چوری کی واردات کو تین دن کے اندر ورک آؤٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وہیں نوتن ٹھاکر نے اس معاملہ میں ایس ایس پی سے اس کی چوری کی واردات کواسپیشل رپورٹ کے تحت درج کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ایس ایس پی نے ان کا یہ مطالبہ بھی مان لیا اور گومتی نگر پولیس کو اس سلسلہ میں ایس آر کیس درج کرنے کی ہدایت دی۔ ایس ایس پی کی یقین دہانی کے بعد نوتن ٹھاکر نے ڈی جی پی دفتر کے باہر دھرنے کا پروگرام ملتوی کر دیا۔ دوپہر تقریباً بارہ بجے وہ کچھ لوگوںکے ہمراہ ڈی جی پی دفتر پہنچیں اور انہوں نے ڈی جی پی کے نام اپنی ایک عرضداشت عوامی شکایت سیل میں دے دی۔ نوتن ٹھاکر نے بتایا کی عرضداشت میں انہوں نے راجدھانی پولیس کو چوری کاانکشاف کرنے کیلئے دس دن کا وقت دیا ہے۔ اگر دس دنوں کے اندر پولیس چوری کا انکشاف نہیں کر سکی تو وہ چوری کی واردات کا شکار لوگوںکو جمع کر کے بڑے پیمانے پر تحریک چلائیں گی۔