لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ راجدھانی میں چوروں کے حوصلے بلند ہوتے جا رہے ہیں ابھی تک چوروں سے عام آدمی پریشان تھا لیکن چوروں نے گومتی نگر علاقہ میں رہنے والے آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکر کے گھر سے پچاس ہزار روپئے نقد اور چار لاکھ کے زیورات چوری کر لئے۔ وہیں اندرا نگر علاقہ میں رہنے والے ایک بینک منیجر کے گھر سے گزشتہ شب چور ہزاروں روپئے نقد اور لاکھوں کے زیورات چوری کر لے گئے۔ وہیں مڑیاؤں علاقہ میں بھی ایک موبائل دکان سے ہزاروں روپئے اور موبائل فون چوری ہو گئے۔
آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر نے بتایا کہ وہ گومتی نگر کے ورام کھنڈ واقع ۴۲۶؍۵ مکان میں اپنی اہلیہ سماجی کارکن ڈاکٹر نوتن ٹھاکر کے ساتھ رہتے ہیں۔ گزشتہ تیرہ اکتوبر کی رات وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ غازی آباد ایک سرکاری جانچ کے س
لسلہ میں گئے تھے۔ گھر پر تالا بند تھا۔ جمعرات کی صبح جب وہ گھر واپس آئے تو دیکھا کہ گھر میں لگے تین الگ الگ دروازے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ اندر جاکر دیکھا تو گھر کا سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ چوروںنے گھر میں رکھی تین الماریوں کو توڑا اور اس میں رکھے تقریباً پچاس ہزار روپئے اور چار لاکھ کے زیورات چوری کر لے گئے۔ انہوں نے گومتی نگر پولیس کو اطلاع دی۔ آئی پی ایس امیتابھ ٹھاکر کے گھر چوری کی اطلاع ملتے ہی گومتی نگر پولیس ، فنگر پرنٹ دستہ اور ڈاگ اسکوائڈ ان کے گھر پہنچ گئے۔ اس معاملہ میں پولیس نے چوری کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ اس کے علاوہ اندرا نگر کے پنت نگر علاقہ میں بینک میں تعینات منیجر وسیم احمد اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی رات وہ اپنی بیٹی کے رسیپشن میں شامل ہونے کیلئے پورے کنبہ کے ساتھ بازار کھالہ گئے ہوئے تھے۔ دیر رات جب وہ گھر واپس آئے تو دیکھا کہ گھر کا دروازہ ٹوٹا ہے ۔ اندر جاکر دیکھا تو سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ چور ان کے گھر سے ۸۰ ہزار روپئے اور لاکھوں کے زیورات چوری کر لے گئے تھے۔ وسیم احمد کی اطلاع پر پہنچی اندرا نگر پولیس نے تفتیش کے بعد چوری کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ پولیس شک کی بنیاد پر کچھ لوگوں کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ وہیں مڑیاؤں کے محب اللہ پور میں رہنے والے امت کمار راوت کی مڑیاؤں چوراہے کے نزدیک موبائل کی دکان ہے۔ دیر رات چوروں نے موبائل کی دکان کو اپنا نشانہ بنایا اور دکان سے ۸ ہزار روپئے نقد ، موبائل فون اور ری چارج کوپن چوری کر لے گئے۔ امت کی اطلاع پر پہنچی مڑیاؤں پولیس نے تفتیش کے بعد چوری کی رپورٹ درج کر لی ہے۔