نئی دہلی۔ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کے سال کے بہترین کھلاڑی کی شکل میں ایلن بارڈر میڈل حاصل کرنے والے نوجوان بلے باز اسٹیون اسمتھ نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی کامیابی کا کریڈٹ انڈین پریمیئر لیگ آئی پی ایل کو دیا ہے۔ ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سریز میں آسٹریلیا کو اپنی کپتانی میںجیت دلانے والے اسمتھ نے کہا آئی پی ایل ایک شاندار ٹورنامنٹ ہے اور آج میں کرکٹ میں جس مقام پر ہوں اس کا کریڈٹ اس کو ہی جات
ا ہے۔ 25 سالہ اسمتھ نے کہا آئی پی ایل میں ہر دوسرے دن کرکٹ کھیلنے کا موقع ملتا ہے جس سے آپ کے کھیل کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملتا ہے۔مسلسل ایک جیسے حالات سے کھیل میںبہتری آتی ہے۔ اسمتھ نے ہندوستان کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 128۔16 کی شاندار اوسط سے 769 رنز بنائے تھے اور ہندوستان اور انگلینڈ کے خلاف موجودہ سہ رخی سیریز میں وہ دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بنے ہوئے ہیں۔