لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔گوسائیں گنج کی رہنے والی ایک لڑکی کو شادی کا لالچ دے کر اس کی آبروریزی کے ملزم کو جمعرات کی صبح پولیس نے گرفتار کر لیا۔
اس معاملہ میں ملزم کے تین کنبہ کے افراد مفرور ہیں۔ خبر کے مطابق کمالا پور گاؤں کا باشندہ انل کچھ ماہ قبل گاؤں کی رہنے والی ایک لڑکی کو شادی کا لالچ دے کر اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ ملزم نے لڑکی کو اپنے پاس بیوی کی طرح رکھا ہوا تھا۔
ملزم نے لڑکی کی آبروریزی کی تھی۔ لڑکی نے اس بات کی مخالفت کی اور کسی طرح اپنے گھر پہنچ گئی۔ اس کے بعد لڑکی نے پولیس سے اس معاملہ کی شکایت کی۔ پولیس نے لڑکی کی شکایت پر توجہ نہیں دی جس کے بعد لڑکی کے کنبہ والوں نے عدالت کا رخ کیا۔
عدالت کے حکم کے بعد ملزم انل اور اس کے کنبہ کے تین افراد کے خلاف آبروریزی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے جمعرات کی صبح ملزم انل کو اس کے گاؤں کے قریب گرفتار کر لیا ہے۔