لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔سماج وای پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو کے ذریعہ آبروریز ی کرنے والوں کی حمایت میں دیاگیا بیان کہ’ لڑکوں سے غلطیاںہو جاتی ہیں ‘ بہت ہی نازیبا ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ ملائم سنگھ یادو کے بیان کے خلاف ایس پی کے ہی لیڈر ابو عاصم اعظمی کے ذریعہ خواتین کو پھانسی دیئے جانے سے متعلق بیان پارٹی کے لیڈروں کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ ریاستی کانگریس کمیٹی کے ترجمان پرویز احمد خاں نے کہا کہ بیان دینے سے قبل کوئی بھی شخص ایک مرتبہ بھی سنجیدگی سے آبروریزی کی شکار خاتون اور اس کے اہل خانہ کے درد کو انسانی نظریہ سے غو رکرے تو کبھی بھی کوئی شخص اس طرح کا بیان نہیں دے گا۔ مرد کے ذریعہ کسی بھی خاتون کا جسمانی استحصال یا آبروریزی کسی بھی حالت میں غلطی یا انجانے میں نہیںہو سکتی ہے۔ اس لئے ایسا جرم کرنے والا کوئی بھی شخص معافی کے قابل نہیں ہو سکتااور ایسے کام کی حمایت کرنے والا جرم کو بڑھا وا دیتاہے۔