رامپور (نامہ نگار)ضلع مجسٹریٹ سی پی ترپاٹھی نے کہا کہ ضلع کو ڈارک زون سے نکلنے اور گرتی ہوئی پانی کی سطح کو اوپر لانے کے لئے ضلع میں ’وزیر اعلیٰ پانی بچاؤ اسکیم ‘کا آغاز کیا جائے گا اس کیلئے ضلع سطح پر ایک کمیٹی تشکیل کی گئی ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ اس مہم میں تالابوں میں پانی بھرنے کیلئے تالابوں کے چیک ڈیم کو دوبارہ قائم کرنے کی کارروائی ضلع کے متعلقہ ایس ڈی ایم منریگاسے کرائیں گے ۔ منریگا اسکیم کے تحت تالابوں اور پوکھروں کو گہراکرانے کی کارروائی شروع کی جائے گی ۔ جوایسے تالاب جو ریونیو دستاویزوں میں ہیں لیکن موقع پر موجود نہیں ہیں ایسے تالابوں و پوکھروں کو سختی کے ساتھ ناجائز قبضہ سے پاک کرایاجائے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کلکٹریٹ جلسہ گاہ میں ہدایت دی کہ زمین کی آبی سطح میں گراوٹ کوپیش نظر رکھتے ہوئے دیہی علاقوں کو پینے کے پانی کے بحران سے بچانے کے لئے دیہی اور شہری علاقوں میں تفصیلی اسکیم بناکر پیش کریں ۔
ڈی ایم نے کہا کہ گاؤں پنچایت افسر ریونیو دستاویزوں اور مقامات کی تصدیق کی بنیاد پر تالابوں ،پوکھروں ،جھیلوں اور دیگر قدرتی آبی وسائل کی فہرست بنالیں ۔انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ایس ڈی ایم ،ترقیاتی بلاک افسر ،ترقیاتی اتھارٹی ،آبپاشی ،محکمہ جنگلات ،ڈی پی آر اواور منریگا کے افسران مشترکہ طور پر جلسہ کرکے رپورٹ تیارکرلیں تاکہ بارش کا پانی جمع کرکے پینے کا پانی کا بحران کا تصفیہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں جو بلاک ڈارک زون میں پہنچ چکے ہیں ان کی آبی سطح کو اوپر لاکر ہی پانی کے بحران سے نجات مل سکتی ہے ۔ اور ساتھ ہی ساتھ قدرتی ڈرینس میں چیکڈیم بنائیں چیکڈیم کے آس پاس شجر کاری کی تیاری کی جائے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترقیاتی اتھارٹی کے ذریعہ کلکٹریٹ بھون ،وکاس بھون اور ضلع سرکاری عمارتوں میں وارٹر ریچارجنگ ہارویسٹنگ کے تحت کام شروع کرائے جائیں ۔ اس موقع پر خصوصی ترقیاتی افسر اور چھوٹے آبپاشی و بلاک ترقیاتی افسر سمیت ضلع کے اعلیٰ افسران موجودتھے ۔