بارہ بنکی (نامہ نگار)ریاست کے دیہی ترقیات کے وزیر مملکت اروند سنگھ گوپ کے انتخابی حلقہ کے گاؤں جرونڈا میں آتشزدگی کے سبب سیکڑوں گھر جل کر راکھ ہوگئے جبکہ اس حادثہ میں چار افراد کی موت ہوگئی۔اس واقعہ میں محکمہ صحت کی لا پروائی ظاہر ہوگئی ہے جس سے ناراض ضلع مجسٹریٹ نے رام نگر صحت مرکز کے تمام ڈاکٹروں وسی ایم او کے خلاف کارروائی کی منظوری پرنسپل سکریٹری صحت والیکشن کمیشن کو تحریری خط میں دی ہے۔ واضح رہے کہ تحصیل رام ن
گر علاقہ کے گاؤں جرونڈا میں گزشتہ اتوار کو اچانک آتشزدگی سے سیکڑوں مکان جل کر راکھ ہوگئے تھے۔ ضلع مجسٹریٹ منسپی ایس،اے ڈی ایم جے پی سنگھ وریاستی وزیر اروند سنگھ گوپ،سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اشوک سنگھ اپنے حامیوں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور متاثرین کا حال دریافت کرتے ہوئے انہیں تسلی دی۔ریاستی وزیر نے افسران کو ہدایت دی کی متاثرین کو سرکاری امداد فوری اثر سے پہنچائیں لیکن تحصیل انتظامیہ نے متاثرین کو راحت کے چیک نہیں دئے جبکہ گاؤں پردھان نے ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت پر تمام لوگوں کے لئے کھانے وپینے کا پانی کا بندوبست کرایا۔ واضح رہے کہ حادثہ میں دو بچیوں سمیت چار افراد کی موت ہوگئی تھی۔اس معاملے میں ڈاکٹروں کی لاپروائی سے ناراض ضلع مجسٹریٹ نے سی ایم او کے خلاف سخت کارروائی کی۔ضلع مجسٹریٹ نے پرنسپل سکریٹری صحت اور الیکشن کمیشن کو خط تحریرکیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ایسے غیر ذمہ دار سی ایم او کو ہٹا کر دیگر ذمہ دار صحت افسرکو مقرر کیا جائے۔اس حادثہ کے دوسرے دن تک کوئی ڈاکٹر متاثرین کی علاج کے لئے نہیں پہنچا جبکہ سی ایچ سی میں تقریباً نصف درجن سے زائد ڈاکٹر موجودتھے۔