کانپور (نامہ نگار)فضل گنج واقع پینٹ فیکٹری میں کل دیررات آتشزدگی سے افراتفری کاماحول پیداہوگیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں اور ملازمین نے تین گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ کو قابو میں کیا۔آتشزدگی کے وقت فیکٹری میں مزدورکام کررہے تھے۔ اور آگ لگنے کے بعد تمام مزدور فیکٹری سے باہر نکل آئے جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ہونے سے رہ گیا۔آتشزدگی سے تقریباً پچاس لاکھ کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔مذکورہ فیکٹری فضل گنج کے انڈسٹریل ایریا میں گلو بابو کی پنجاب پینٹ کے نام سے واقع ہے۔ آگ لگنے کا سبب شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔ آگ اتنی خطرناک تھی کہ دیکھتے دیکھتے اس نے علاقہ کو اپنی زد میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ لگنے کی اطلاع کے تقریباً نصف گھنٹہ کے بعد پہنچی۔ اسی دوران آگ کی زد میں آکر پینٹ وکیمیکل سے بھرے ہوئے ڈرم دھماکہ سے پھٹنے لگے۔ جس کی وجہ سے آگ نے خطرناک شکل اختیار کرلی۔ فیکٹری کے ملازم نے بتایا کہ آگ لگنے کا سبب شارٹ سرکٹ
ہے۔