لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ڈرائیونگ لائسنس میں آن لائن بندوبست کے بعد بھی دلالوں کا کام عروج پر جاری ہے۔ دلالوں کا دھندا دن رات فروغ پا رہاہے۔ عالم باغ اور مہانگر آر ٹی او دفاتر کے باہر دلالوں کی بھیڑ کم ہونے کے بجائے بھیڑ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری افسر شاندار چمبروں میں بیٹھ کر صرف آن لائن کافارمولہ سمجھا رہے ہیں۔ دراصل دلالوں کے چنگل میں زیادہ تر وہ لوگ آتے ہیں جن کے پاس کاغذات میں کمی یا پھر وقت نہیں ہوتا۔ آن لائن نظام ہونے کے بعد وقت کی بچت تو ہوتی ہے لیکن ٹیسٹ دینے کے نام پر لوگوں کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں اس کے بعد بھی آنے جانے کے چکر سے بچنے کیلئے دلالوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ مہا نگر آر ٹی او دفتر کے ایک دلال کاکہنا ہے کہ یہاں زیادہ تر ایسے لوگ آتے ہیں جو لرننگ لائسنس بنوانے کیلئے لئے جانے والے ٹسٹ سے بھی گھبراتے ہیں۔ فائنل ٹیسٹ کا کام بھی مشکل ہوتا ہے۔
سیکڑوں لوگوں کے درمیان میں اپنی گاڑی کو ٹسٹنگ کے کاموں سے گزارنا ٹیڑھی کھیر ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ لوگوں کویہ بھی فکر ستاتی ہے کہ اگر ٹسٹ میں فیل ہوگئے تو پھر سے وہی نظام اپنانا ہوگا جس سے وقت اور پیسے دونوں برباد ہوں گے اور یہ بھی گارنٹی نہیں ہے کہ دوبارہ ٹسٹ میں پاس ہو ہی جائیں۔ یہی سبب ہے کہ لوگ ایک بار میں تھوڑے زیادہ پیسے دے کر اپنا کام ہونے کی گارنٹی چاہتے ہیں۔
واضح ہو کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے اب آن لائن بندوبست ہو گیا ہے۔ محض بایو میٹرکس کیپچنگ اور لرننگ ڈرائیونگ ٹسٹ کیلئے ہی دفتر میں حاضر ہونا ہوگا اس کیلئے بھی آن لائن درخواست دہندگان کو ترجیح دینے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ یہ سہولیات عالم باغ اور مہا نگر آر ٹی او دفاتر میں شروع کر دی گئی ہے۔ اس سہولت کا آغاز وزیر ٹرانسپورٹ درگا پرساد یادونے ٹرانسپورٹ نگر واقع آر ٹی او دفتر سے کیا۔
آن لائن درخواست کیلئے درخواست دہندہ کو ویب سائٹ https://sarathi.nic.in پر جانا ہوگا اور سب سے پہلے ویب سائٹ پر دی گئی ہدایتوں کو دھیان سے پڑھنا لازمی ہے۔ اس ویب سائٹ پر دیئے گئے مینو میں لرننگ لائسنس کیلئے ’ایشیو آف لرننگ لائسنس‘ اور مستقل ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ’ایشیو آف ڈرائیونگ لائسنس پر کلک کرنا ہوگا۔ ان مینو پر کلک کرنے سے آن لائن درخواست فارم دکھے گا۔ اسے صحیح بھر کر درخواست دہندہ کو سبمٹ بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد فیس جمع کرنے کیلئے ’نیکسٹ اسٹیپ‘ بٹن پر کلک کرنے پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا پیمنٹ گیٹ وے کھلے گا جس کے ذریعہ درخواست دہندہ اسٹیٹ بینک سمیت زیادہ تر سرکاری ؍ غیر سرکاری بینکوں کی نیٹ ورکنگ اور ڈیبیٹ؍ کریڈٹس کارڈ کے ذریعہ لائسنس کی فیس آن لائن جمع کر سکیں گے ۔ فیس ادائیگی کے بعد درخواست دہندہ کو اس کی ای رسید پرنٹ لینی ہوگی۔ فیس ادائیگی کامیاب ہونے پر درخواست فارم مکمل ہونے کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعہ درخواست دہندہ کے موبائل نمبر پر خود آجائے گی۔ درخواست کے کام کو پورا کرنے کے بعد درخواست دہندہ آن لائن بھرے ہوئے درخواست فارم کو پرنٹ کر کے ای-رسید اور دیگر ضروری کاغذات (رہائشی سند، یوم پیدائش کا سند) کے ساتھ بایومیٹرکس کیپچرنگ (تھمب امپریشن ، فوٹو اور سگنیچر کیپچرنگ) اور لرننگ ؍ ڈرائیونگ ٹسٹ کیلئے یا تو براہ راست ٹرانسپورٹ دفتر میں حاضر ہو سکتے ہیں یا پھر سہولت کے مطابق اس ویب سائٹ پر ’اپوائنٹ مینٹ فارم سلاٹ بکنگ‘ کو کلک کر کے اپنے لئے اپنی من چاہی تاریخ اور وقت کا سلاٹ آن لائن بک کرکے ٹرانسپورٹ دفتر جا سکتے ہیں۔ آن لائن درخواست دارم کے’ پارٹ- سی : انلوزر سیکشن‘ میں درج کئے گئے یوم پیدائش اور رہائشی سند کی اصل کاپی ہی درخواست فارم کی جانچ کے وقت دفتر میں پیش کرنا ہوگا۔ درخواست دہندگان کی سہولت کیلئے آن لائن فارم بھرنے کا کام اس ویب سائٹ ’ہیلپ فار آن لائن ایل ایل ایپلی کیشن‘ پر بھی دستیاب ہے۔