نئی دہلی، 12 دسمبر (یو این آئی) سال 12۔2011 سے اب تک آسام اور مغربی بنگال میں ریل گاڑیوں سے کٹ کر 23 ہاتھیوں کی موت ہوچکی ہے۔جنگلات کی مرکزی وزیر مملکت جینتی نٹراجن نے راجیہ سبھا میں آج ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ آسام میں سات اور مغربی بنگال میں 16 ہاتھیوں کی موت ہوئی ہے۔ہاتھیوں کی ریل گاڑیوں سے ٹکر ہونے کی روک تھام کے لئے ریلوے اور محکمہ جنگلات کی مستقل رابطہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انتہائی حساس علاقوں میں ریل گاڑیوں کی رفتار کنٹرول میں رکھنے کی بھی درخواست ریلوے سے کی گئی ہے۔ہاتھیوں کی سلامتی کے لئے ہاتھی پروجیکٹ کے تحت مغربی بنگال حکومت کو اقتصادی مدد دی جارہی ہے۔وزارت جنگلات واچ ٹاوروں کی تعمیر، اس پر ملازمین کی تقرری اور روشنی وغیرہ کا نظم کر رہی ہے۔