ایڈیلیڈ: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان کے مضبوط بولنگ اٹیک سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہے اور ٹیم کے کوچ ڈیرن لہمن نے پاکستان کے خلاف کوارٹر فائنل سے قبل پاکستانی بولرز کی تمام ویڈیوز منگوا لی ہیں۔ ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا جمعہ کو مدمقابل ہوں گے۔ رواں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے اب تک دو میچ ہارے اور چار میں کامیابی حاصل کی۔
ان چار میچوں میں سے تین میچ پاکستان نے اپنی مضبوط بولنگ کے بل پر جیتے ہیں جبکہ
صرف یو اے ای کے خلاف ٹیم کی بیٹنگ بھی چل پائی تھی۔ پاکستانی ٹیم اپنے مین اسٹرائیکرز یعنی سعید اجمل اور جنید خان دونوں سے محروم ہے، آل رائونڈر محمد حفیظ بھی ٹیم کا حصہ نہیں جو ون ڈے میں بہترین بولنگ کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹیم کی بولنگ دوسروں کو خوفزدہ کر رہی ہے۔ پاکستانی بولنگ اٹیک محمد عرفان، وہاب ریاض، سہیل خان، راحت علی اور احسان عادل پر مشتمل ہے۔ جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے خلاف پاکستان کو انہی بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت فتح ملی۔ آسٹریلوی ٹیم بھی پاکستانی اٹیک سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہے اور ان کے کوچ نے پاکستانی بولرز کی خوبیوں اور خامیوں کا اندازہ لگانے کیلئے ویڈیوز منگوا لی ہیں۔ عام طور پر جب بھی دو ٹیموں کا میچ طے ہوتا ہے تو دونوں ٹیمیں اپنے اینالسٹ کی مدد سے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کی ویڈیوز دیکھ کر ان کی خامیوں کا اندازہ لگاتے ہیں تا کہ ان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں پویلین بھیج سکیں لیکن پاکستانی بیٹنگ اس بار اتنی خطرناک نہیں ہے۔وہیں دوسری جانبپاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور سوئنگ کے بادشاہ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کوئی ایشیائی ٹیم ورلڈ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر سکتی ہے۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی ایشیا کی چاروں ٹیموں نے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنائی ہے اور اس بار بھی کوئی ایشیائی ٹیم چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چاروں ایشین ٹیمیں عمدہ پرفارم کررہیں اور کوئی بھی آ گے جاسکتی ہے۔ البتہ یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ناک آ ؤٹ راؤنڈ میں ماضی کی پرفارمنس کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہتی، ہر چیز صرف اس بار پر منحصر ہوتی ہے کہ آ پ اس دن کیسا کھیل پیش کرتے ہیں۔