ابوظبی۔ (یو این آئی)عبداللہ عادل (45 رن پر چار وکٹ)اور شرف الدین اشرف (55 رن پر تین وکٹ)کی خطرناک گیندبازی کی بدولت افغانستان نے انڈر۔19 عالمی کپ گروپ بی میچ میں آسٹریلیا کو چھتیس رن سے ہرادیا۔افغانستان نے محمد مجتبی (75)، احسان اللہ (63)اور حشمت اللہ شیدی (57)کی شاندار نصف سنچری کی بدولت 49 اعشاریہ دو اوور میں 253 رن کا بڑا اسکور کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے جیمس بیجلی اور کیمرون ویلٹ نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ اس کے جواب میں آسٹریلیائی ٹیم کپتان جیرم مورگن (45)، جیک ڈوران (47)، ڈومی مانٹیمر (43)اور بنجلی ناٹ آؤٹ (54)کی شاندار اننگ کے باوجود 48 اوور میں 217 رن پر ڈھیر ہوگئی۔عادل نے چار اور اشرف نے تین وکٹ لے کر آسٹریلیائی بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔
افغانستان کی دو میچوں میں یہ پہلی جیت ہے اوروہ گروپ میں آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے بعد تیسرے مقام پر ہے۔آسٹریلیا کا آئندہ مقابلہ بنگلہ دیش سے جبکہ افغانستان کا نامیبیا سے ہوگا۔افغانستان نے یہ جیت کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل میں داخلے کی راہ ہموار کرلی ہے۔بنگلہ دیش کی نامیبیا پر جیت:گروپ بی کے ایک دگر مقابلے میں بنگلہ دیش نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نامیبیا کو باون رن سے ہرادیا۔بنگلہ دیش نے شادمان اسلام (65)اور مصدق حسین (ناٹ آؤٹ70)کی شاندار نصف سنچریوں سے پانچ وکٹ پر 233 رن کا اسکور کیا۔اس کے جواب میں نامیبیا کی ٹیم 49 اوور میں ایک سو اکیاسی رن پر آؤٹ ہوگئی۔مستفیض الرحمان نے چوبیس رن پر تین وکٹ اور مصدق حسین نے 29 رن پر تین وکٹ لئے۔نامیبیا کی جانب سے جیڈر رچرڈس نے سب سے زیادہ چالیس رن بنائے۔ بنگلہ دیش کی یہ مسلسل دوسری جیت ہے۔جبکہ نامیبیا مسلسل دوسری شکست کے ساتھ کوارٹر فائنل کے دور سے باہر ہوگیا ہے۔