ممبئی: حال ہی میں کامیاب فلم ’’میری کوم‘‘ دینے والی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو آشوب چشم ہوگیا جس کی وجہ سے وہ آرام کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں اور آنکھوں کے انفکشن کی وجہ سے وہ اب دیوالی بھی پرجوش انداز میں نہیں منا پائیں گی۔پریانکا چوپڑا ان دنوں سنجے لیلہ بھنسالی کی فلم ’’بجراؤ ستانی‘‘ کی عکسبندی کروا رہی ہیں اور آنکھ کے انفکشن کی وجہ سے انھیں نہ صرف فلم کی عکسبندی روکنا پڑی بلکہ وہ اپنی خواہشات کے مطابق دیوالی بھی نہیں منا پائیں گی۔ اس موقع پر پریانکا چوپڑا نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’وہ آشوب چشم کی وجہ سے بستر پر پڑی ہیں‘ انھیں بالکل اچھا نہیں لگ رہا کہ دیوالی آرہی ہے۔ وہ ہمیشہ دیوالی بہترین انداز میں مناتی ہیں‘ اس بار وہ دیوالی کی خوشیاں من پسند طریقے سے نہیں منا پائیں گی۔اپنے ٹویٹ میں پریانکا نے اپنی سرخ آنکھوں والی تصویر بھی شیئر کی ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ’’اسے مت دیکھیں۔ ‘‘ پریانکا کے ساتھ اس فلم میں رنویر سنگھ اور سوناکشی سنہا بھی کرداروں میں شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنی نئی فلم ’’بجراؤ مستانی ‘‘ میں بھی پریانکا چوپڑا سابق فلم ’’میری کوم ‘‘ کی طرح پھر سے ایک بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں جس کے فلم ساز بھنسالی ہیں اور یہ محض ایک اتفاق ہی ہے کہ بھنسالی ہی کی گزشتہ دونوں ریلیز ہونے والی فلموں میں پریانکا ہی کاسٹ میں شامل رہی ہیں جب کہ صرف فلم ’’رام لیلہ‘‘ میں پریانکا نے صرف ایک آئٹم سانگ کیا تھا جو کہ بھنسالی کی فلمسازی کے ساتھ ساتھ ایک ڈائریکٹشنل فلم بھی تھی جس میں وہ بطور ہدایتکار بھی سامنے آئے۔اب پھر سے سنجے لیلہ بھنسالی اپنی نئی فلم میں پریانکا ہی کو لے رہے ہیں، اس فلم میں بھی سنجے خود ہدایتکاری بھی کرتے نظر آئیں گے جب کہ اس فلم کی دیگر کاسٹ میں بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی شامل ہیں۔ بجراؤ مستانی میں تینوں مشہور اداکارائیں اہم کردار ادا کر رہی ہیں مگر بتایا جاتا ہے کہ حسب سابق اس مرتبہ بھی پریانکا چوپڑا کو سنجے لیلہ بھنسالی ایک جاندار کردار میں لے رہے ہیں۔سنجے لیلہ بھنسالی اس سے قبل ایشوریا رائے کو بھی اپنی فلموں میں جاندار کرداروں کے ساتھ لے چکے ہیں جیسا کہ فلم ’’ہم دل دے چکے صنم ‘‘ پھر ’’دیو داس ‘‘ اور ’’گزارش ‘‘ ہے جس سے ایشوریا رائے کو ایک علیحدہ پہچان ملی تھی پھر فلم ’’بلیک ‘‘ اور ’’سانوریا ‘‘ میں رانی مکھر جی کو بھی نئی پہچان دی بالکل ایسے ہی اب سنجے لیلہ بھنسالی شاید اس فن کی دیوی پریانکا چوپڑا پر بھی مہربان سے نظر آ رہے ہیں اور پریانکا کی بھی اداکاری میں ایک علیحدہ پہچان بن رہی ہے۔ اسی طرح اب ’’بجراؤ مستانی ‘‘ بھی سجنے لیلہ بھنسالی کے ساتھ پریانکا چوپڑا کی چوتھی فلم ہے اور اس کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس فلم کی کہانی ایک شدت بھری لو اسٹوری ہے جس سے پریانکا کا ستارا ایک بار پھر بھرپور چمکنے والا ہے۔