لکھنؤ(نامہ نگار)آشیانہ میں گھریلو تنازعہ سے پریشان ہوکر ایک درزی نے خودسوزی کر لی۔ وہیں اٹونجہ علاقہ میں رہنے والے ایک نوجوان نے بھی خود کو آگ لگا لی۔آشیانہ کے قلعہ محمدی میں رہنے والے درزی ۴۰سالہ تارا چندر نے اتوار کی شام تقریباً ۴بجے گھر میں خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا لی۔ آگ کی لپٹوں میں گھرے تاراچندر کو بیوی ریکھا اور بچوں نے اس کے جسم پر کمبل و پانی ڈال کر بچایا۔ شدیدطور سے جھلسے تارا چندر کو سول اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں دوران علاج دوشنبہ کی دیر رات اس کی موت ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھریلو تنازعہ کے سبب اس نے خودسوزی کی ہے۔ وہیں اٹونجہ کے ہیمی گاؤں کے رگھو ناتھ کے بیٹے ۳۰سالہ امت راوت نے آج صبح اپنے گھر میں خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا لی۔ شدید طور سے جھلسے امت کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت سنگین بتائی جارہی ہے۔ ایس او اٹونجہ نے بتایا کہ امت دماغی طور سے پریشان چل رہا تھا اور اسی الجھن میں اس نے خود کو آگ لگالی۔