لکھنؤ (نامہ نگار)۔لکھنؤکے آشیانہ اجتماعی آبروریزی معاملے میں ہورہی تاخیر کے سبب متاثرہ کے کنبہ کے ساتھ اکھل بھارتیہ جن وادی مہیلا سمیتی (ایڈوا) کے زیراہتمام سیکڑوں خواتین کارکنان نے بی ایس این ایل کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا۔ دھرنا کے دوران دستخطی مہم چلائی گئی۔ طے شدہ پروگرام کے تحت بدھ کی صبح تقریباًساڑھے گیارہ بجے اکھل بھارتیہ جن وادی مہیلا سمیتی (ایڈوا) کے بینر تلے سیکڑوں خواتین ہاتھوںمیں کب تک ملے گاانصاف،آخر ناانصافی کا انصاف کب تک؟ ۹برس چارمہینے اورکتنا انتظار؟ جیسے نعرے لکھی تختیوں کولے کرسیکڑوں خواتین قیصر باغ واقع بی ا
یس این ایل دفتر کے سامنے پہنچیں اورایڈوا کی صدر مدھو گرگ کی قیادت میں دھرنا شروع کردیا۔ دھرنے میں متاثرہ کنبے کے علاوہ مختلف خواتین تنظیموں کے کارکنان بھی موجود تھے۔
دھرنے پربیٹھی خواتین مطالبہ کررہی تھیں کہ متاثرہ کنبے کوانصاف ملنے میں تاخیر کیوں ہورہی ہے؟ مطالبہ تھا کہ اب تک ملزم گوروشکلا کاٹرائل کیوں نہیں شروع ہو سکا، دیگرکئی مطالبات تھے۔ ملزم بااثر ہے جس کے سبب معاملے میں زیادہ وقت کھنچ رہا ہے ۔ زیادہ وقت ہونے کے سبب متاثرہ کا دل ٹوٹا ہے ۔ دھرنے میںموجود کارکنان نے دستخطی مہم بھی چلائی ۔ سیکڑوں لوگوںنے دستخط کرکے معاملے کی حمایت کی ۔ سمیتی کی صدر مدھو گرگ نے بتایا کہ ابھی دودنوں تک دھرنا جاری رہے گا۔ واضح ہو کہ ۲؍مئی ۲۰۰۵ کوآشیانہ اجتماعی آبروریزی کیس ہواتھا۔ اب تک معاملے میں ملزم گوروشکلاکا ٹرائل بھی نہیں ہو سکا ہے جس کے سبب آج تک متاثرہ کنبہ کو انصاف نہیں مل سکا۔