لکھنؤ(نامہ نگار)شیعہ مسلمانوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف ہو رہے مظالم کی مخالفت میں ۶؍ ستمبر کو آصفی امامباڑہ میں ’شیعہ مہا ریلی ‘کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری اور امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے دی ہے۔ حضرت گنج واقع امام باڑہ سبطین آباد میں صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ریلی کسی خاص شخص یا سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں ہے۔ آصفی امام باڑے میں دوپہر دو بجے کے بعد شروع ہونے والی ریلی کے ذریعہ شیعہ فرقہ کو ان کے حقوق کے سلسلہ میں بیدار کیا جائے گا۔مولانا نے کہا کہ ریلی میں صرف شیعہ ہی نہیں بلکہ سنی، ہندو ، سکھ، عیسائی، بودھ، جین وغیرہ مذاہب کے رہنما بھی شامل ہوںگے۔ ریلی کے ذریعہ فلسطین، عراق، مصر، لیبیا، شام، بنگلہ دیش اور پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔