کانپور:آنجہانی وزیر اعظم اندراگاندھی کا یوم پیدائش پال ٹاور برا-۶ میں جوش وخروش سے منایا گیا ۔ اکبر پور کے رکن پارلیمنٹ راجا رام پال نے اندراگاندھی کی تصویر پر گلپوشی کرتے ہوئے کہا کہ اندراگاندھی دنیا کی مضبوط ترین خاتون تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اندراگاندھی نے تحریک آزادی کی جنگ میں اہم رول ادا کرتے ہوئے وانر سینا(بندروں کی فوج) کی تشکیل کرتے ہوئے مجاہدین آزادی کی مدد کی اور انہیں پورا تعاون دیا۔ انہوں نے غیر ملکی کھلونوں کو نذرا ٓتش کرتے ہوئے سودیشی جذبہ کی مثال پیش کی۔ شہر دیہات کانگریس کمیٹی کے صدر رامیش سنگھ منا نے اندراگاندھی کو کامیاب ترین وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے ان کی حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ گاندھی مجسمہ پھول باغ پر ایک جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسہ سے قبل بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلپوشی کی گئی۔
دھرنے میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے اکبر پور رکن پارلیمنٹ راجا رام پال نے کہا کہ غذائی تحفظ گارنٹی اسکیم پارلیمنٹ کے گزشتہ سیشن میں مرکزی حکومت کے ذریعہ منظور کرلی گئی تھی جس کا مقصد ہندوستان کے زیادہ تر غریبوں کو کم سے کم قیمت پر اناج ، چاول مہیا کرانا ہے۔ مذکورہ بل کو کئی ریاستوں میں نافذ کردیا گیا ہے اور وہاں کے لوگوں کو اس کا فائدہ حاصل ہورہاہے۔ لیکن ریاستی حکومت مذکورہ بل کو نافذ نہیں کررہی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دھرنا ریاستی حکومت کے خلاف ہے۔اور کانگریس پارٹی ریاستی گورنر سے غذائی تحفظ بل کونافذ کرنے کا مطالبہ تو کررہی ہے لیکن یہ بھی بتا دینا چاہتی ہے کہ حکومت کے خلاف دھرنے کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔ کیونکہ غذائی تحفظ بل کو ہر صورت میں نافذ کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ذریعہ نافذ عوامی مفاد کے بل اور دیگر اسکیموں کا نظر انداز نہیں کرنے دیا جائے گا۔ کیونکہ غذا ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ اور اس حق کو ختم کرنے کا حق حکومت کو نہیں دیا جائے گا۔