لکھنؤ۔(بیورو)۔ مزدور رہنما گریش پانڈے سمیت بجلی ملازمین کی رہائی کے مطالبہ کے سلسلہ میں ہزاروں آنگن باڑی کارکنان نے جمعرات کو چارباغ میں جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتاری دی۔ سبھی کارکنان کو پولیس گاڑی میں بھر کر رمابائی امبیڈکر میدان لے جایا گیا۔پولیس نے شام تقریباً چار بجے سبھی کارکنان کو چارباغ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک چھوڑ دیا۔ کارکنان نے کہا کہ رہائی نہ ہونے پر آئندہ چھبیس فروری کو ریاست کے سبھی مزدور ڈپٹی لیبر کمشنر دفترپر مظاہرہ کریں گے۔
جمعرات کو صبح سے ہی ’مہیلا آنگن باڑی کرمچاری سنگھ‘ کے تحت آنگن باڑی کارکنان چارباغ میں جمع ہونا شروع ہوئیںاس کے بعد حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے ہزاروں کارکنان اسمبلی کی جانب روانہ ہو رہی تھیں لیکن وہاں بڑی تعداد میں تعینات پولیس اہلکاروں نے انہیں گرفتار کر لیا۔
اس دوران ان کی پولیس سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ یونین کی کارگزار صدر بالیش نے
کہا کہ آنگن باڑی کارکنان نے اپنے مطالبہ کے سلسلہ میں آج سے گرفتاری دینا شروع کی ہے۔ ریاست کی سبھی آنگن باڑی کارکنان نے اپنے رہنما کی گرفتاری کے سلسلہ میں بجلی ملازمین پر لاٹھی چارج کو لیکر اور متعدد سمجھوتوںپر عمل درآمد کرانے کیلئے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کیلئے تیار ہیں۔