آگرہ:اتر پردیش میں آگرہ کے کھندولی علاقے کے نادؤگاؤں میں کل رات فرقہ وارانہ تنازعہ سے ماحول کشیدہ ہوگیا۔پولس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ گاؤں میں رہنے والا ستار نامی ایک شخص اپنے کھیت میں سنچائی کر رہا تھا،کچے راستے سے جارہے پائپ پر ایک شخص دیشراج کی گاڑی کا ٹائر چڑھ جانے سے سنچائی کا پائپ پھٹ گیا۔اس سلسلے میں ہوئے تنازعہ کے بعد کل رات تقریباً نو بجے دونو ں فریقوں میں کافی جھگڑا ہوا۔دونوں فریقوں کے درمیان لاٹھی ڈنڈوں سے لڑائی ہوئی۔پتھراؤ بھی کیا گیا۔اس میں چار خواتین سمیت 12افراد زخمی ہوگئے ۔اطلاع ملتے ہی پولس موقع پر پہنچ گئی اور صورت حال کو قابو کیا۔اس سلسلے میں 15افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ سینئیر پولس سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر پریتیندر سنگھ کے مطابق نادؤ میں دو فریقوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔پولس کے پہنچنے پر صورت حال کو قابو کرکے معمول پر لا یا گیا۔دونوں فریقوں کے خلاف مقدمہ درج کراکر سخت کارروائی کی جائے گی۔