لکھنؤ(نامہ نگار)گورنر رام نائک نے آج کہا کہ ملک کی اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی ترقی میں ذرائع ابلاغ کی خاص اہمیت ہے۔ صحافت ایک بڑی طاقت ہے۔ آج غور کرنے کی ضرورت ہے کہ مفاد عامہ میںاس طاقت کا کیسے استعمال کریں۔ صحافی کی تحری
ر کا اثر براہ راست معاشرہ پر ہوتا ہے۔ اس لئے صحافت کے معیار کے مطابق سچائی پر خصوصی توجہ دیں۔ انہون نے کہا کہ صحافت میں صداقت کا عزم ضروری ہے۔ آج انڈین فیڈریشن آف ورکنگ جرنلسٹس کے ۶۸ویں قومی اجلاس کی اختتامی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مرکزی اور ریاستی حکومت سے صحافیوں کے جو بھی جائز مطالبات ہوںگے اس تجویز کی نقل مجھے دیںگے تو میں یقین دلاتا ہوں کہ اس سلسلہ میںمرکزی اور ریاستی حکومت تک بات پہنچانے کی کوشش کروںگا۔ گورنر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیر اعلیٰ نے کچھ یقین دہانی کرائی ہے ۔
اس موقع پر راجستھان، گجرات، اڑیسہ، کرناٹک، سری لنکا، کیرل، چھتیس گڑھ، اتراکھنڈ اور دیگر ریاستوں سے آئے نمائندوں نے گورنر کو یادگاری نشان سے سرفراز کیا۔ مسٹر نائک نے کہا کہ ریاست میں صحافت کا آغاز ایک مشن کے طور پر ہوا۔ ملک کے باشندوں میں آزادی کا جذبہ بیدار کرنے میں صحافیوں نے زبردست کام کیا۔انہوں نے کہا کہ پریس کی سرکاری اسکیموں پر عملدرآمد میںبہت اہمیت ہے۔ صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کو ہمیشہ پریس کا تعاون ملا ہے۔
پروگرام میں سینئر صحافی پرمانند پاندے نے کہا کہ ورکنگ جرنلسٹ ایکٹ میںتبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تنخواہ سے متعلق نئی رپورٹ نافذ کی جائے جس سے سبھی صحافی مستفید ہوں۔ اس موقع پر کے وکرم راؤ، سدھارتھ کلہنس، شیام بابو، حسیب صدیقی سمیت دیگر سینئر صحافی اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔