لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ موجودہ پارلیمانی انتخابات میں امیدواروں کی حمایت میں کل سے بی ایس پی کی قومی صدر و راجیہ سبھا رکن مایاوتی انتخابی مہم کے تحت عوامی جلسوں سے خطاب کریں گی۔ مایاوتی ۹؍مئی تک اترپردیش میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گی۔ بی ایس پی دفترسے موصولہ اطلاع کے مطابق پارٹی سربراہ مایاوتی چنڈی گڑھ روڈ کے قریب واقع میدان میں شہید بھگت سنگھ نگر میں عوامی جلسہ سے خطاب کریں گی۔ مایاوتی نے پارلیمانی انتخابات کیلئے مہم کا آغاز کر دیا ہے وہ اڈیسہ ، ہریانہ ، مہاراشٹر، بہار، چنڈی گڑھ، مغربی بنگال، جموں کشمیر، مدھیہ پردیش، دہلی، راجستھان اور آندھرا پردیش میں مختلف عوامی جلسوں سے خطاب کریں گی۔ اس کے بعد آئندہ ماہ میں زیادہ تر وقت اترپردیش میں انتخابی مہم کیلئے دیں گی۔