لکھنو۔(نامہ نگار)گومتی نگر کے وپل کھنڈ واقع اٹاوہ کے سابق رکن اسمبلی کے گھر اتوار کی دوپہر اچانک شارٹ سرکٹ ہونے سے آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی گھر میںموجود بچوں اور خواتین میں افراتفری مچ گئی۔ اطلاع کسی طرح سے فائر برگیڈ اور پولیس کو دی گئی۔ موقع پر پہنچی گومتی نگر پولیس نے کافی مشقت کے بعد بچوں اور عورتوں کو گھر سے نکالا۔ فائر برگیڈ کی گاڑی پہنچنے سے قبل ہی پولیس نے آگ پر قابو پالیا۔ واردات میں کسی قسم کی کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
وپل کھنڈ ۶۴۴باشندہ اٹاوہ کے سابق رکن اسمبلی دھنی رام ورما کے گھر میں اتوار کی دوپہر زینے کے نیچے لگے بجلی کے باکس میں اچانک شارٹ سرکٹ ہوگیا۔ جب تک گھر میں موجود لوگ کچھ سمجھ پاتے اتنی دیر میں آگ نے پورے حصہ کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ کے شعلوں سے گھر کو گھرتا دیکھ کر بچے اور خواتین نے شور مچادیا۔
شور سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر جمع ہوگئے ۔ اطلاع پولیس اور فائر برگیڈ کو دی گئی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے گھر میں پھنسے بچے اور خواتین کو محفوظ باہر نکالا ۔ اور پڑوسیوں کی مدد سے آگ کو بجھانے کا کام شروع کیا۔
ایس او گومتی نگر نے بتایا کہ جب تک فائر برگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچتی اس سے پہلے ہی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیاتھا۔ واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔