لکھنؤ(نامہ نگار)سماج وادی پارٹی نے بی ایس پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی سیاسی روٹی سیکنے کیلئے بی ایس پی کسانوں کا مسلئہ اچھا ل رہی ہے۔ ایس پی کے ریاستی ترجمان راجیندر چودھری نے آج کہا کہ بی ایس پی سر براہ نے کبھی اپنے دروازے پر کسی دلت اور غریب کو آنے نہیں دیا اور ہمیشہ پیسے کی سیاست کی۔ وہ اب کسانوں کی بدحالی پر مگرمچھ کے آنسو بہانے لگی۔ عوام کے سنگین مسائل پر بھی تحریکوں سے پرہیز رکھنے والی بی ایس پی اب دھرنا و مظاہرے کا ناٹک کرنے جا رہی ہے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ کسانوں کی فلاح کے لئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے فیصلے لئے ہیں ریاست میں کسانوںکی پریشانی کو دیکھتے ہوئے سماج وادی حکومت اور وزیر اعلیٰ نے فوری راحت کا بند و بست کیا ہے۔ ضلع کے افسران کو ہدایت دی ہیکہ وہ خود جاکر کسانوں کو ہوئے نقصانات کی تفتیش کریں اور انہیں فوری مدد دے۔حکومت نے ۵۵ اضلاع کو آفات متاثرین تسلیم کر کے اپنے مسائل سے ۷۸۰۱ کروڑ روپئے اضلاع کو بھیجے ہیں۔