لکھنؤ، 13 جنوری (یوا ین آئی) سیفئی فیسٹول سے سماج وادی پارٹی کی ہونے والی زبردست تنقید سے سبق لیتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)کی صدر مایاوتی نے آئندہ 15 جنوری کو اپنی سالگرہ سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔بی ایس پی کے ایک سینئر لیڈر نے آج یہاں یو این آئی کو بتایا کہ راحت کیمپوں میں رہنے والے مظفر نگر فسادات کے متاثرین کی بے بسی کے پیش نظر محترمہ مایاوتی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی سالگرہ سادگی کے ساتھ منائیں گی لیکن عظیم ریلی پروگرام کے مطابق ہوگی۔راحت کیمپوں میں رہنے والے مظفر نگر فسادات متاثرین کی حالت زار کے درمیان وزیر اعلی اکھلیش یادو کے آبائی گاؤں ضلع اٹاوہ کے سیفء میں دھوم دھام سے ہونے والے فیسٹول کے سلسلے میں ایس پی کی جم کر تنقید ہوئی تھی۔ سمجھا جارہا ہے کہ اسی کے پیش نظر محترمہ مایاوتی نے اپنا 58 ویں سالگرہ سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیفء فیسٹول میں آخری دن فلم ہستیوں کا جمگھٹا تھا۔ مادھوری دکشت اور سلمان خاں جیسے چوٹی کے اداکار آئے تھے۔ ان فنکاروں کی موجودگی کو مظفر نگر فسادات متاثرین سے منسلک کرکے دکھایا گیا اور ایس پی کی جم کر تنقید ہوئی۔دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ ریلی کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ ریلی رمابائی امبیڈکر استھل کے میدان میں ہوگی۔ محترمہ مایاوتی ریلی کے توسط سے لوک سبھا کی انتخابی مہم کی شروعات کریں گی۔ ریلی میں اترپردیش کے ساتھ مہاراشٹر ، پنجاب، ہریانہ، مدھیہ پردیش،راجستھان، گجرات اور آندھرا پردیش سمیت ملک کے دیگر حصوں سے لوگوں کے پہنچنے کی امید ہے۔ریلی کے مقام پر ہی محترمہ مایاوتی “میری جہدوجہد کی زندگی اور بی ایس پی تحریک کے سفرنامہ حصہ 9” کا اجراکریں گی۔ ریلی کے لئے 23 خصوصی ریل گاڑیاں بک کرائی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بک کرائی گئی ہر ایک ریل گاڑیوں میں 18 ڈبے ہوں گے۔
بی ایس پی کے ذرائع نے بتایا کہ ریلوے انتظامیہ نے انہیں اضافی کاؤنٹر کھولنے کے ساتھ ہی سفر کے دوران پانی و صاف صفائی کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں بتایا کہ ریلوے کے لکھنؤ ڈویژن، مراد آباد ، فیروزپور، دہلی اور انبالہ ڈویژنوں سے ریل گاڑیاں بک کرائی گئی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ریلوے کو اس سے قریب ساڑھے تین کروڑ کی اضافی آمدنی ہوگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پارٹی ریلی کے ذریعے اور بی ایس پی صدر مایاوتی کے یوم پیدائش پر چندہ جمع کر سکتی ہے تاکہ انتخابات میں پیسے کی کمی نہ رہ جائے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ انتخابات کے نقطہ نظر سے محترمہ مایاوتی اپنی سالگرہ کے موقع پر کارکنوں سے تحفہ بھی لے سکتی ہیں۔ انہوں بتایا کہ ریلی کو تاریخی بنانے کے لئے ہر اسمبلی حلقہ سے پانچ ہزار لوگوں کے ہدف کو رکھا گیا ہے ۔ ریلی کے پیش نظر بی ایس پی کارکنان ریلی کے مقام کے آس پاس کے علاقے کو جھنڈوں ، پوسٹر ، بینر اور ہورڈنگس کے ذریعے بی ایس پی رنگ دینے میں مصروف ہیں۔ واضح ر ہے کہ محترمہ مایاوتی کی 2012 میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد یہ ان کی پہلی ریلی ہے ۔