لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ۱۷ نکاتی مطالبات کے سلسلہ میں واٹر ورکس ملازمین بورڈ کے زیر اہتمام ملازمین نے جمعرات کو زون تین دفتر پر جلسہ کیا اور ملازمین سے واٹر ورکس دفتر پر ہونے والے زبردست مظاہرہ میں شامل ہونے کی درخواست کی۔ مذکورہ اطلاع بدھ کوملازمین بورڈ کے منطقائی جنرل سکریٹری نیبو لال نے دی۔ طے شدہ پروگرام کے تحت آج صبح سیکڑوں ملازمین واٹر ورکس ملازمین بورڈ کے زیر اہتمام علی گنج واقع زون تین دفتر پہنچے۔ مختلف مطالبات کو لیکر ملازمین نے دفتر پر جلسہ کیا۔ بورڈکے جنرل سکریٹری نیبو لال نے بتایا کہ ملازمین کے اہم مطالبات میں تنخواہ سے جی پی ایف کی مد میں برسوں سے کی جا رہی تخفیف کی رقم ملازمین کے جی پی ایف میں جمع نہیں کی گئی جسے فوری طور پر جمع کرایا جائے۔
ہرزون کے ملازمین کی تنخواہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تقسیم کی جائے، سبھی پنشنروں کو ان کی پنشن ادائیگی جلد از جلد کی جائے ، واٹر ورکس انتظامیہ اور بورڈ کے درمیان کئے گئے فیصلوں کو فوری نافذ کیا جائے، برسوں سے یومیہ اجرت پرکام کررہے ملازمین کی محکمہ میں خالی عہدوں پر انہیں مستقل کئے جانے سمیت ۱۷ نکاتی مطالبات شامل ہیں۔ ان مطالبات کو لیکر ملازمین بورڈ گزشتہ کئی دنوں سلسلہ وار زون پرمظاہرہ کر رہے ہیں۔ جنرل سکریٹری نے ملازمین
سے کل عیش باغ واقع ہیڈکوارٹر پر مظاہرہ میں شامل ہونے کی درخواست کی۔