نئی دہلی:کانگریس کے 25 ممبران پارلیمنٹ کے لوک سبھا سے معطلی کی مخالفت میں بائیں بازو کی جماعتوں، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے مسلسل تیسرے دن آج ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔صبح 11 بجے وقفہ سوالات شروع ہوتے ہی مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے اے سمپت اور پی کروناکرن، این سی پی کے طارق انور، سپریا سولے اور دھننجے مھادک، آر جے ڈی کے جے پرکاش نارائن یادو اور سماج وادی پارٹی کے دھرمیندر یادو اور دیگر ممبران نے نعرے بازی شروع کر دی۔ اس پر اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ انہوں نے کوئی نوٹس نہیں دیا ہے اور وہ وقفہ سوال کے بعد اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔
لیکن یہ رکن نہیں مانے اور اسپیکر کی نشست گاہ کے سامنے آکر نعرے بازی کرنے لگے ۔ محترمہ مہاجن نے ان سے اپنی سیٹوں پر جانے کی درخواست کی لیکن وہ نہیں مانے اور نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کا بائیکاٹ کر گئے ۔ اس سے پہلے منگل اور بدھ کو بھی ان پارٹیوں نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے 25 اراکین کو ایوان میں مسلسل ہنگامہ کرنے کی وجہ سے پیر کو پانچ دن کے لئے معطل کر دیا گیا تھا۔ اس کی مخالفت میں کانگریس کے باقی اراکین لوک سبھا کی کارروائی کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔