لکھنؤ۔پہاڑوں پر ہو رہی برف باری سے موسم کے مزاج میںاچانک تبدیلی آگئی ہے جس کی وجہ سے راجدھانی کے درجہ حرارت میں بڑی گراوٹ درج کی گئی۔ کہرے کی وجہ سے جمعہ کی صبح ڈرائیوروں کو لائٹوں کا استعمال کرنا پڑا۔ راجدھانی میں صبح دس بجے کے آس پاس کئی علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہوئی اور شام ہوتے ہوتے پھر کہرے کی چادر پھیلنے لگی جس سے سردی میں اضافہ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ جمعہ کو راجدھانی کے درجہ حرارت میں پانچ ڈگری سیلسیس کی گراوٹ درج کی گئی اور وہ ۵ء۲۴ ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت میں چار ڈگری سیلسیس کی کمی کے ساتھ دس ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ موسم میں ۸۴ فیصد نمی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راجدھانی میں آئندہ ۲۴ گھنٹے تک یہی موسم رہے گا۔ سنیچر کو کم سے کم درجہ حرارت ۱۱ ڈگری سیلسیس رہنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ مغربی اترپردیش میں کہرے کے ساتھ کچھ مقامات پر گرج اور ہلکی بارش کاامکان بھی ہے جبکہ مشرقی اترپردیش کا موسم صاف رہے گا ۔چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر سریش چندر ہوتا نے بتایا کہ فی الحال خراب موسم کا اثر پروازوں پر نہیں پڑ رہا ہے