نئی دہلی، 06 جنوری (یو این آئی) دہلی کے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ نے آج کہا کہ دارالحکومت میں بجلی کی تقسیم کرنے والی جو کمپنیاں اپنے ھاتوں کا اڈٹ نہیں کرائیں گی ان کے لائسنس منسوخ کردیئے جائیں گے۔دہلی کی پانچویں اسمبلی کے پہلے اجلاس میں مسٹر جنگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ان کی حکومت بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیوں کا آڈٹ کرانے کے لئے پابند عہد ہے اور جو کمپنیاں اپنے کھاتوں کی جانچ کرانے سے منع کریں گی ان کے لائسنس رد کردیئے جائیں گے۔صرف 11 منٹ کے اپنے خطاب میں مسٹر جنگ نے کہا کہ بجلی کے میٹروں کی جانچ بھی کرائی جائے گی۔ لیفٹننٹ گورنر نے اپنی تقریر میں عام آدمی پارٹی (آپ) حکومت کے ان 17 امور کا ذکر کیا جنہیں وزیراعلی اروند کیجری وال برابر کہتے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت ایک سال میں غیرقانونی کالونیوں کو مستقل کرنے، 500 نئے اسکول کھولنے، پرائیویٹ اسکولوں میں فیس کے ڈھانچے کو درست کرنے، جن لوک پال لانے، ویٹ نظام کو آسان بنانے اور دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے جیسے اپنے اہم ترجیحی امور پر تیزی سے کام کرے گی۔