ممبئی: بالی ووڈ کے سپراسٹار اکشے کمار کہتے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے نارمل انداز میں زندگی گزاریں اس لئے وہ انہیں جان بوجھ کر فلمی دنیا سے دور رکھتے ہیں۔اپنے انٹرویو میں اکشے کمار کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اپنے بچپن سے لطف اندوز ہوں اس لئے انہوں نے سوچ کر یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو جس قدر ممکن ہوسکے فلمی دنیا کی چکا چوند سے دور رکھیں گے، وہ اپنے فیصلے پر اب تک قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا بھی مارشل آرٹس پر عبور حاصل کررہا ہے، اس وقت وہ براؤن بیلٹ کا حامل ہے، وہ قومی جوڈو چیمئین شپ میں گولڈ میڈل جیت چکا ہے اور انہیں اس پر فخر ہے۔اکشے کمار کا کہنا تھا کہ مارشل آرٹس کو طبیعیات اور حساب سمیت اسکول میں پڑھائے جانے والے دیگر مضامین سے زیادہ اہم سمجھتے ہیں کیونکہ اس سے انسان میں نظم و ضبط اور اپنا دفاع خود کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے جو ہر انسان کے لئے ضروری ہے۔ اس لئے وہ چاہتے ہیں کہ بچے اسکول سے ہی مارشل آرٹس سیکھیں، ان کے لئے مارشل آرٹس پیسے کمانے کا ذریعہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مارشل آرٹس کے مقابلوں کا انعقاد کراتے ہیں جن میں شرکت کے لئے دنیا بھر سے بچوں کو دعوت دی جاتی ہے پھر انہیں جاپان بھیجا جاتا ہے تاکہ وہ مارشل آرٹس میں مزید مہارت حاصل کریں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکار اکشے کمار جنھیں ایکشن اداکار کا خطاب حاصل ہے اپنی نئی فلم ’’ ہالی ڈے ‘‘ اے سولجرنیور اف ڈیوٹی ‘‘ میں کیریئر کے مشکل ترین ایکشن کرتب کا مظاہرہ کرینگے۔ وہ فلم میں مارشل آرٹ کی سب سے مشکل قسم ’’ آکیرو‘‘ کرتے ہوئے دکھائی دینگے۔ فلمسازوں نے اس مقصد کے حصول کے لیے برطانوی اسٹنٹ مین گریک پاول کی خدمات حاصل کی ہے تاکہ وہ اکشے کو مارشل آرٹ کی اس قسم کے لیے تربیت دیں۔ فلمسازوں کا کہنا ہے کہ وہ ایکشن مناظر کو نئی سطح پر لے جانا چاہتے ہیں مداحوں نے اس سے قبل ایسے ایکشن نہیں دیکھے ہونگے فلم ’’ ہالی ڈے اے سولجر نیور آف ڈیوٹی ‘‘ جلد ہی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔