پونے ،14 فروری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اکیسویں صدی ایشیاء کی صدی ہوگی اور اس میں ہندوستان کا رول کافی اہم ہوگا۔مسٹر مودی نے یہان چاکن میں جی ای کی مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا ہندوستانی معیشت کی نموکو بغور دیکھ رہی ہے جو اس وقت سات اعشاریہ چار فیصد پر پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہرین ہمارے ملک کو دنیا میں سب سے تیزی سے فروغ پانے والی معیشت سمجھ رہے ہیں اور وہ اس کے مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کی امید رکھتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں مینوفیکچرنگ کے بے پناہ امکانات ہیں اور ہماری آبادی کا ڈھانچہ سرمایہ کاروں کے لئے کشش کا بڑا سبب ہے ، انہوں نے کہا حکومت ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کی سمت میں کام کررہی ہے جس سے دنیا سرمایہ کاری کے لئے ہندوستان کی طرف کھینچی چلی آئے گی۔
مسٹرمودی نے کہا کہ ان کی حکومت ملک میں کاروبار کرنے کو آسان بنانے کی سمت میں کام کررہی ہے اور ساتھ ہی پالیسیوں اور قوانین میں پائی جانے والی غیر یقینی صورت حال کو ختم کرنے کی سمت میں بھی کام کررہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوسکے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں آبی، بری،فضائی شعبوں میں مصنوعات سازی کے بے پناہ مواقع ہیں۔ پہلے سے ہی بری اور بحری شعبوں میں سرمایہ کرنے والی جی ای او کو ہم نے اب بحری (جہاز سازی) شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے لئے مدعو کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے دفاعی مینوفیکچرنگ میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی حد بڑھاکر 49 فیصد کردی ہے اور کمپنی اس زمرے میں بھی سرمایہ لگاسکتی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ پونے میں دفاعی سازوسامان کی تیاری کے مرکز کے طور پر ابھرنے کی پوری صلاحیت ہے ۔اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر ودیا ساگر راؤ اور وزیر اعلی دویندر فرنویس اور مرکزی وزیر اطلاعات پرکاش جاؤڈکر بھی موجود تھے ۔