لکھنؤ: ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج کے طلبانے کارمک-۲۰۱۶ کے پانچویں بین الاقوامی انڈر گریجویٹ میڈیکل ریسرچ کانفرنس ، انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن -اسٹوڈنٹ ونگ میں حصہ لیا۔ یہ سہ روزہ کانفرنس اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس پٹنہ میں منعقد ہوئی۔ جس کا افتتاح ڈاکٹر کے کے اگروال نے کیا۔ اس کانفرنس میں دہلی، رائے پور اور پٹنہ و دیگر طبی اداروں سے تقریباً ۶۵۰؍ امیدواروں نے حصہ لیا۔ جس میں ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج کے طلباء نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج کے سال سوم کے طالب علم پارتھ گرگ کے ریسرچ پیپر کو پہلے انعام سے سرفراز کیا گیا ان کو اپنے ریسرچ پیپر کو مینچسٹر ، انگلینڈ میں پیش کرنے کا بھی موقع حاصل ہوا ہے۔ اس کے علاوہ سال اول کے طالب علم فیض عباس عابدی اور سمردھی دوبے نے بحث و مباحثہ مقابلہ میں تیسرا انعام حاصل کیا، سارہ ، وارث، فراز ، اپورو، شریا، فرینہ، ہیرا، ادیبہ، شوبھی،سائشہ نے بھی اس کانفرنس میں حصہ لیا۔ ان طلبا کی رہنمائی کالج کے بایوکیمسٹری شعبہ کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تسلیم رضا نے کی۔
ڈاکٹر فرزانہ مہدی ڈائرکٹر اکیڈمکس ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج نے سبھی فاتحین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی تمنا کی۔
ایراز لکھنؤمیڈیکل کالج کی طالبہ کوقومی میڈیکل کوئز میں دوسرا مقام
ایرازلکھنؤ میڈیکل کالج کی سال اول کی طالبہ زہرا اختر نے قومی میڈیکل کوئز میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اس مقابلہ کا انعقاد کوئزنشیل نام کے ادارہ نے ۱۴مئی ۲۰۱۶ کو کیا تھا جس میں پورے ملک کے میڈیکل طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس نئی دہلی کے طالب علم ستیہ پرکاش اور سواتی سولن نے پہلا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ ان طلباء و طالبات کی رہنمائی ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج کے ڈاکٹر تسلیم رضا ایسو سی ایٹ پروفیسر ، بایوکیمسٹری شعبہ اور ڈاکٹر دلشاد علی رضوی ایسو سی ایٹ پروفیسر فارماکولوجی شعبہ نے کی۔ ڈاکٹر فرزانہ مہدی ڈائرکٹر اکیڈمکس ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج نے زہرا اختر کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کی دعا کی۔