بغداد: عراق کی راجدھانی بغداد کے بین الاقوامی ہائی اڈے کے نزدیک ایرانی مظاہرین کے ایک کیمپ پر بمباری میں کم از کم 40 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اپوزیشن پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن آف ایران (پی ایم او ای) کے ترجمان شاہین گوبادی نے کل ایک بیان میں بتایا کہ ‘کیمپ سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کل رات گئے اس کیمپ پر ہوئے حملے میں کم از کم 40 افراد زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس بمباری میں کیمپ میں آگ لگ گئی جس سے کئی حصوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
پی ایم او ای کے دیگر ترجمان شہریار نے بتایا کہ بمباری کیلئے ایران سے وابستہ عراقی گروپ ذمہ دار ہے ۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ عینی شاہدین نے ہوائی اڈے کے نزدیک 20 سے 30 دھماکوں کی آوازیں سنیں۔ اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہوائی اڈے کے کسی دیگر حصے پر بھی بمباری ہوئی یا نہیں۔ کیمپ پر کم از کم 50 مورٹار داغے گئے ۔