تہران: ایران کے دارالحکومت تہران اور صوبہ ہرمزگان میں سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ان دس میں چھ افراد تہران سے 20 کلومیٹر دور واقع تفریحی مقام پکدشت میں ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق یہ افراد دریا کے کنارے سیرو تفریح میں مصروف تھے کہ سیلابی ریلے کی وجہ سے دریا کا پانی کناروں سے باہر آیا اور یہ سب لوگ اس میں بہہ گئے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق اس کے علاوہ چار افراد ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں سیلابی پانی کا شکار ہوئے۔
مرنے والے تمام افراد دریا میں سیلاب کا زور دیکھنے کے لیے کناروں پر جمع تھے کہ پانی نے انھیں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایرانی میں اچانک آنے والے سیلابی ریلوں سے ہلاکتوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگلات کی کٹائی اور دریائی علاقے میں غیرقانونی اور نامناسب تعمیرات کو ایسے ریلوں میں اضافے کی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔