کچھ عرصہ قبل ایک ایرانی ڈرون طیارہ اسرائیلی حدود میں چلا گیا جس پر اسرائیل بدحواس ہو گیا اور شام میں ایرانی فوجی اڈوں پر بمباری کرڈالی لیکن اس بدحواسی کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہاں بھی اپنا ایک ایف 16طیارہ تباہ کروا لیا۔ اب ایران نے شام میں اسرائیل کی حدود کے انتہائی قریب ایک اور ایسا کام کر ڈالا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ایران نے شامی دارالحکومت دمشق سے باہر ایک اور فوجی اڈہ قائم کر لیا ہے جہاں اس نے ایسے میزائل ذخیرہ کر لیے ہیں جو اسرائیل کے کسی بھی علاقے تک مار کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امیج سیٹ انٹرنیشنل نے سیٹلائٹ کے ذریعے اس اڈے کی تصاویر حاصل کرکے جاری کر دی ہیں۔ اس کے متعلق فوکس نیوز نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ”یہ اڈہ ایرانی فوج پاسداران انقلاب کے سپیشل یونٹ ’قدس فورس‘ کے زیرانتظام ہے۔ اس میں دو سٹور بنائے گئے ہیں جن میں قدس فورس نے کم فاصلے پر مار کرنے والے میزائل سٹور کر رکھے ہیں۔ ان میں سے ایک سٹور کی لمبائی 30گز اور ایک کی 20گز ہے۔“ فوکس نیوز کے مطابق اسی نوعیت کا ایک فوجی اڈا ایران نے دمشق کے جنوب میں بھی قائم کیا تھا جو گزشتہ سال اسرائیل نے میزائل حملہ کرکے تباہ کر دیا تھا۔