تہران …ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا۔ایک امریکی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ایرانی صدرنے کہا کہ انہیں ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مغربی ممالک کے ساتھ مذاکرات کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔
حسن روحانی نے حال ہی میں صدر اوباما کی جانب سے انہیں بھیجے گئے خط کو ’تعمیری اور مثبت‘ قرار دیا۔گزشتہ روزوائٹ ہاوٴس نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ صدر اوباما اور صدر روحانی کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوا ہے۔
وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا تھا کہ صدر اوباما نے خط میں ایرانی صدر سے کہا ہے کہ امریکا جوہری تنازع کو اس طرح حل کرنے کو تیار ہے جس کے تحت ایران کو یہ موقع دیا جائے کہ وہ ثابت کرے کہ اس کا جوہری پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
صدر اوباما نے خط میں کہا کہ ہمیں اس معاملے کو جلد حل کرنا ہوگا کیونکہ اگرچہ ہم بہت عرصے سے یہ کہتے رہے ہیں کہ ان معاملات کو سفارتی طریقوں سے حل کرنے کا امکان ہے، تاہم یہ راستہ ہمیشہ موجود نہیں ہوگا۔