حزب اللہ کے لیڈر حسن نصراللہ نے تنبیح کی ھے کہ ایران کے جوھری پروگرام پر سمجھوتہ طے نہ کئے جانے کی صورت میں اس خطے میں جنگ بھڑکنے کا خطرہ پیدا ھوگا۔ اس بارے میں اطلاع روسی نیوز ایجنسی انٹر فیکس نے دی۔ حسن نصراللہ نے اسرائیلی قیادت اور بعض عرب ممالک پر تنقید کی جو ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان کسی بھی قسم کا سمجھوتہ طے کئے جانے کے خلاف ھیں۔ علاوہ از یں حسن نصراللہ نے کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتانیاھو در اصل بعض عرب ممالک کے ترجمان بن گئے ھیں۔ شامی بحران کا تذکرہ کرتے ھوئے حزب اللہ کے لیڈرنے بیان دیا کہ یہ عرب ممالک شام میں خونریزی روکنے کے تمام سیاسی طریقوں کو مسترد کر رھے ھیں- مبصرین سمجھتے ھیں کہ حسن نصراللہ کی مراد قطر اور سعودی عرب سے ھے جو شامی اپوزیشن کی حمایت کر رھے ھیں جبکہ ایران اور حزب اللہ شامی حکام کے طرفدار ھیں۔ حسن نصراللہ نے نشاندھی کی کہ ‘حزب اللہ کے دو اتحادی ھیں۔ یہ شام اور ایران ھیں۔’