بدایوں ۔ پارلیمانی انتخاب میں بدایوں سے سماجوادی پارٹی کے امیدوار اور موجودہ رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو نے منگل کو کاغذات نامزدگی داخل کردیا۔سول لائنس واقع اپنی رہائش گاہ سے دھرمیندر یادو حامیوں کے ساتھ کلکٹریٹ پہنچے اور ضلع الیکشن افسر چندپرکاش ترپاٹھی کے سامنے نامزدگی کے کاغذات پیش کئے ۔ اس موقع پر بدایوں سماجوادی پارٹی کے ضلع صدر بنواری سنگھ یادوا ور رکن اسمبلی آشوتوش یادو سمیت کثیر تعداد میں پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ کلکٹریٹ میں پختہ حفاظتی بندوبست کئے گئے تھے۔ دھرمیندر یادو نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے قبل پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے ریاستی صدر اکھلیش یادو سے فون پر گفتگو کی۔ سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو اور اترپردیش کابینہ کے سینئر وزیر شیوپال سنگھ یادو خاص طور سے بدایوں پہنچے ت
ھے۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ بدایوں کی ترقی کے مدعے کو لیکر عوام کے درمیان جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں انہوں نے بدایوں کی ترقی کے لئے بہت سے کام کئے ہیں۔ بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں بجلی گھر قائم کروائے۔ بریلی بدایوں کے درمیان چھوٹی ریل لائن کو بڑی ریل لائن میں تبدیل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدایوں میں میڈیکل کالج کھول دیا گیاہے جس کی وجہ سے ضلع کی پسماندگی دور ہونے کے ساتھ قومی سطح پر بدایوں کو بین الاقوامی سطح پر شناخت ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی کی ملک میں کوئی لہر نہیں ہے اگر ملک میں بی جے پی کی لہر ہوتی ہے تو اس کے لیڈر اپنے لئے محفوط نشستیں ڈھونڈھتے نہ پھررہے ہوتے۔ انہوں نے کہا بی جے پی کا کوئی بھی لیڈراپنی کامیابی کو لیکر مطمئن نہیں ہے۔