لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں،عہدیداروں اور کارکنان نے لکھنؤ مشرقی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں سماج وادی پارٹی کی امیدوار جو ہی سنگھ کی حمایت میں عوامی جلسوں، پد یاترا اور عوامی رابطہ قائم کر کے ووٹ مانگے اور بڑی اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ لکھنؤ یونیورسٹی کے سابق جنرل سکریٹری و ریاستی حکومت میں سابق وزیر مملکت کا درجہ حاصل رام سنگھ رانا نے گومتی نگر کے نہرو انکلیو واقع شری رام پارک میں عوامی جلسے کااہتمام کیا۔ جلسہ کو لکھنؤ مشرقی اسمبلی حلقہ کے انچارج ریاستی حکومت میں سینئر وزیر امبیکا چودھری، رکن اسمبلی ابھے سنگھ، ریحان نعیم ، سابق وزیر پون پانڈے نے خطاب کیا۔ جلسہ کو سماج وادی پارٹی امیدوار جوہی سنگھ، رام سنگھ رانا سمیت سماج وادی پارٹی لکھنؤ مہا نگر اور ضلع
کے عہدیداروں نے خطاب کر کے سماج وادی امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے ووٹ مانگے۔ انچارج وزیر امبیکا چودھری نے کہا کہ ریاست کی سماج وادی حکومت نے سبھی طبقوں کے مفادمیں کام کئے ہیں۔ حکومت نے لکھنؤ کی ترقی کیلئے کئی اسکیمیں چلائی ہیں جس میں سے کئی اسکیموں پر کام مکمل ہو گئے تو کئی اسکیموں پر کام چل رہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کچھ لوگوں نے جھوٹے وعدے کر کے عوام سے ووٹ تو حاصل کر لیا لیکن ابھی تک ایک بھی وعدہ پورانہیںکیا۔ ریاست کے عوام ایسے لوگوں کو سبق سکھائیں گے۔ وزیر احمد حسن نے کہا کہ عوام کا رجحان سماج وادی پارٹی کی جانب ہے۔ سما وادی حکومت نے ریاست میں عوامی مفاد میں بہت سارے فیصلے کئے ہیں۔ حکومت ہر حلقہ میں ترقیاتی کام کر رہی ہے۔ اس سے قبل آج خرم نگر میں منعقد عوامی جلسہ کے سینئر لیڈر بھگوتی سنگھ، شہر جنرل سکریٹری محمد حنیف خان اور سماج وادی امیدوار جوہی سنگھ و دیگر لیڈران نے سماج وادی حکومت کی جانب سے کئے جا رہے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے ووٹ مانگے۔