گورکھپور (نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے کارکنان نے شاستری چوک پر چیف الیکشن کمیشن کا پتلا نذرآتش کیا۔کانگریس اور بی جے پی کے اشارے پر پارٹی لیڈران پر پابندی کرنے کی سازش کاالزام عائد کرتے ہوئے کارکنان نے نعرے لگائے اور مظاہرہ کیا۔موقع پر پہنچ کر پولس نے نامعلوم افراد کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق سماجوادی کارپوریٹر شیواجی شکلا کی قیادت میں پارٹی کے نامزد کارپوریٹر شاستری چوک پرپہنچے۔ کارکنان نے چیف الیکشن کمشنر بی سی سمپت کے علاوہ کمیشن کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے کہاکہ سازش کے تحت سماجوادی پارٹی لیڈران پر پابندی عائد کرنے اور آر ایس ایس کے اشارے پر اعظم خاں کے عوامی جلسے کے بعد ملائم سنگھ یادو کو نوٹس دیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کے نام پر سیکولرزم کو برباد کرنے پر آمادہ ہے۔ پتلا نذرآتش کرنے والوںمیں وندھیاواسنی جیسوال،حاجی شکیل انصاری،اشتیاق احمد، ونود اگرہری،جاوید خان، سنیل یادو، شاہد انصاری،سراج حسین اور اختر صدیقی وغیرہ شامل تھے۔