لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔سماج وادی پارٹی کی سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا کا تیسرا مرحلہ چھ فروری سے دس فروری تک قنوج ، مین پوری، اوریا، اٹاوہ اور فیروز آباد میں شروع ہو گیا۔ رتھ یاترا کے ذریعہ پسماندہ طبقوں کا پارٹی کی پالیسیوں سے روشناس کرایا جائے گا اور سماج کے ان طبقوں کو پارٹی سے وابستہ کیا جائے گا۔ سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا کی قیادت کابینی وزیر اور پسماندہ طبقہ سیل کے ریاستی نائب صدر گایتری پرساد پرجاپتی کر رہے ہیں۔ اس دوران جگہ جگہ عوامی جلسوں اور پریس کانفرنسوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان راجندر چودھری نے بتایا کہ سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا چھ فروری کو لکھنؤ سے روانہ ہوگی اور بانگر مئو، بلہور، ککون، رسول آباد، بیلا، دروا ہوتے ہوئے قنوج پہنچے گی۔ قنوج میں رات کے قیام کے بعد ۷؍فروری کو رتھ یاترا ، جلسہ اور پریس کانفرنس کے بعد رتھ یاترا گرسہائے گنج، چھبرا مئو، بیور، بوگام ہوتے ہوئے مین پوری پہنچے گی۔ سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا کے دوران جگہ جگہ پر عوامی جلسوں اور پریس کانفرنس کے ذریعہ پارٹی کی پالیسیوں کی تشہیر کی جائے گی۔ سماجی انصاف حقوق رتھ یاترا ابھی تک بندیل کھنڈ ، روہیل کھنڈ اور پوروانچل کے مختلف اضلاع تک سماج وادی پارٹی کی سماجی انصاف کے نظریہ کو عوام تک پہنچانے میں کامیاب رہی ہے۔ رتھ یاترا کو سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو اور ریاستی صدر اکھلیش یادو نے جھنڈا دکھا گزشتہ برس اکتوبر میںروانہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت کی حصولیابیوں کو عوام تک پہنچانے کیلئے یکم فروری سے ۷؍فروری تک ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میںسائیکل ریلی بھی نکالی جا رہی ہے۔ آ ج اس ریلی کا پانچواں دن ہے۔