لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاستی حکومت میں وزیر شیو پال سنگھ یادو نے مین پوری لوک سبھا ضمنی انتخاب اور آٹھ اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کی زبردست جیت کیلئے ان حلقوں کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام طبقوں نے ترقیات اور سماجی خیر سگالی کیلئے سماجوای پارٹی کو ووٹ دیا ہے۔ سماج وادی پارٹی اسی راستے پر چل کر ریاست کو ترقی کی جانب لے جائے گی۔ آج یہاں سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر دفتر پر منعقد پریس کانفرنس میں مسٹر یادو نے کہا کہ عوام نے فرقہ پرستی پھیلانے والے اور لو جہادجیسے الفاظ کو نظر آگے بڑھانے والوں کو نظر انداز کر دیا ہے۔ عوام ترقی اور خیر سگالی چاہتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے ہمیشہ اسی راستے پرچل کر ریاست میں ترقیاتی کام کئے ہیں۔ لو جہاد جیسے الفاظ کو تلاش کر لانے والی فرقہ پرست طاقتوں کومنھ کی کھانی پڑی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ جھوٹے وعدے کر کے مرکز کے اقتدار میں آئے لوگ چار ماہ میں ناکام ثابت ہو گئے۔ مرکز میں آنے کے بعد عوام کو کوئی راحت نہیں ملی۔
نہ مہنگائی کم ہوئی اور نہ ہی بدعنوانی کم ہوئی۔ اچھے دنوں کا وعدہ کرنے والوں سے عوام کومایوسی کے سوا کچھ نہ ملا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو گزشتہ دو برسوں سے اترپردیش میں فسادات کی سازش رچ رہے ہیں۔ عوام نے انہیں سبق سکھا دیا ہے۔ بی جے پی پرالزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ برسوں میں ان کا ایک ہی ایجنڈا تھا کہ کیسے ریاست میں فرقہ وارانہ خیر سگالی کا ماحول خراب ہو۔
بہوجن سماج پارٹی کے الیکشن نہ لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی الیکشن نہیں لڑی تو اس کی بھی قلعی کھل جاتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کی بہت عزت کرتی ہے۔ دہلی میں ان کے نام پر یادگار بننی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی کی حکومت کے سابق وزراء کے خلاف جانچ چل رہی ہے، جانچ مکمل ہو جائے گی تو کارروائی بھی ہوگی۔