ویلنگٹن۔ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما نے اپنے ٹسٹ کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 51 رنز کے عوض 6 جبکہ ابھرتے فاسٹ بولر محمد سمیع نے 16.5 اوورس میں 70 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یہاں شروع ہوئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹسٹ کے پہلے دن صرف 192 رنز پر ڈھیر کردیا۔ نیز دن کے اختتام پر شکھردھون کی ناقابل تسخیر نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنا لئے ہیں اور اس ط
رح دوسرے ٹسٹ کا پہلا دن مکمل طور پر ہندوستانی ٹیم کے نام رہا۔ قبل ازیں ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے دورہ نیوزی لینڈ پر صدفیصد ٹاس جیتنے کا ریکارڈ بناتے ہوئے بولروں کیلئے سازگار ماحول میں میزبان ٹیم کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا لیکن وہ ایشانت شرما اور محمد سمیع کی انتہائی بہترین فاسٹ بولنگ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے۔ دراز قد ہندوستانی بولر نے اپنی رفتار اور اچھال لیتی گیندوں سے میزبان بیٹسمینوں کو کافی پریشان کیا۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی دسویں اوور میں ہی اس وقت حاصل ہوئی جب ایشانت شرما نے حریف اوپنر ہمیش روتھر فورڈ کو مرلی وجئے کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔ آوٹ ہونے سے قبل روتھر فورڈ نے 34 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 12 رنز بنائے جبکہ دوسرے اوپنر پیٹر فلٹن نے 31 گیندوں میں صرف 13 سنگل رنز اسکور کئے۔ انفام بیٹسمین کین ولیمسن نے میزبان ٹیم کیلئے سب سے زیادہ 100 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں کورے جیمس اینڈرسن نے 43 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے لیکن لوور آرڈر میں آل راونڈر جیمس نیشم نے 35 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 33 اور ٹم ساوتھی نے جارحانہ 32 رنز بنائے۔ ساوتھی نے 32 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں ایک چوکا اور 3 چھکے لگائے۔ دیگر بیٹسمینوں میں برنڈن مکالم 19 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز، ٹرنٹ بولٹ 5 گیندوں میں 2 رنز اور اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے لاتھم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں محدود رکھنے کے بعد ہندوستانی اننگز کا آغاز بھی انتہائی مایوس کن رہا جیسا کہ دوسرے ہی اوور میں ٹم ساوتھی نے مرلی وجئے کو وکٹوں کے پیچھے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا۔ مرلی وجئے 6 گیندوں میں دو رنز بنا کر جب آوٹ ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور بھی صرف دو رنز تھا۔ تاہم گذشتہ اننگز میں سنچری اسکور کرنے والے شکھردھون نے 87 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستان کو ابتدائی نقصان سے باہر نکالا۔ مہمان ٹیم کیلئے آوٹ ہونے والے دوسرے بیٹسمین چیٹیشور پجارا رہے جنہوں نے دو چوکوں کی مدد سے 19 رنز اسکور کئے۔ ایشانت شرما نائٹ واچ مین کا کردار بخوبی نبھاتے ہوئے 16 گیندوں میں 3 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کیلئے بولٹ نے 18 رنز اور ساوتھی نے 20 رنز کے عوض فی کس ایک وکٹ لی۔