ممبئی: چار سال کے بعد آخرکار سابقہ ملکہ حسن ایشوریہ رائے بچن بڑی اسکرین پر معروف بولی وڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ لوٹنے کے لیے تیار ہو گئی ہیں۔ یہ حسینہ سنجے گپتا کی نئی سسپنس تھرلر فلم ‘جذبہ’ میں نظر آئیں گی۔ ایشوریہ رائے فلم میں ایک وکیل کا کردار ادا کریں گی جبکہ عرفان ایک معطل پولیس افسر کا، جسے انتظامیہ کے ساتھ مسائل کا سامنا ہے۔ جان ابراہم بھی اس فلم میں موجود ہیں جو ایک گینگسٹر ابو سلیم سے متاثر شخص کے روپ میں نظر آئیں گے۔ یہ سنجے گپتا کا ایشوریہ کے ساتھ کام کرنے کا پہلا موقع ہے، ایشوریہ آخری بار 2010 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘گزارش’ میں نظر آئی تھیں۔ اس فلم کی شوٹنگ جنوری 2015 میں شروع ہو گی جبکہ ہندوستانی پرستار ایشوریہ رائے کی واپسی پر کافی پرجوش نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب عرفان خان ان دنوں فلم ‘پیکو’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں اداکار دپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن بھی جلوہ گر ہوں گے۔ یہ فلم آئندہ سال 30 اپریل کو نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ فلمساز و ہدایت کار شوجیت سرکار اپنی کامیاب فلموں مدراس کیفے اور وکی ڈونر کے حوالے سے مشہور ہیں۔
–