کراچی۔ پاکستان میں قومی کھیل ہونے کے باوجود ہاکی کو اسپانسر نہیں مل پانے سے مایوس پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کا خیال ہے کہ یہی حالات رہے تو ٹیم کو ایشیائی کھیل اور چمپئن ٹرافی سے باہر رہنا پڑ سکتا ہے ۔انہوں نے کہاہم کافی مایوس ہیں کیونکہ اسپانسر ایسے کھیل میں پیسہ نہیں لگانا چاہتے جس ٹیم نے گزشتہ کچھ عرصے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ہے جبکہ ہندوستان میں ہاکی آہستہ آہستہ ترقی کر رہی ہے اور اسپانسر بھی مل رہے ہیں۔ مجاہد نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر پی ایچ ایف کو اسپانسر نہیں مل پاتے ہیں تو آئندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹوں میں ٹیم کا حصہ لے پانا ناممکن ہوگا۔ انہوں نے کہاہم نے پاکستان کھیل بورڈ اور وزارت کھیل سے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ مانگا ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہااب ہم ایسی حالت میں ہیں کہ اگر جلدی پیسہ نہیں ملا تو ہم اس سال ایشیائی کھیل یا چمپئن ٹرافی میں اپنی ٹیمیں نہیں بھیج سکیں گے۔پاکستان پہلی بار اس سال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔وہیں دو قومی اولمپک ایسوسی ایشن کے ہونے کی وجہ سے گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں ہاکی ٹیم نہیں بھیج سکا۔ سابق کپتان نے کہاہاکی ایسا کھیل ہے جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے اور جس میں ہم نے ہر بڑا خطاب جیت لیا ہے لیکن موجودہ صورت حال تشویش ناک ہے۔