نئی دہلی۔کوریا کے ہاتھوں تھامس کپ میں ملی شکست کا بدلہ برابر کرنے کو بے تاب دولت مشترکہ کھیلوں کے کانسے کا تمغہ فاتح گروسائی دتت نے کہا کہ ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم ایشیاڈ میں کوریا کو شکست دے سکتی ہے۔ تھامس کپ کے مرد ٹیم میچ میں کوریا نے ہندوستان کو 3۔ 2 سے ہرایا تھا۔ گرو کا خیال ہے کہ یہ بدلہ برابر کرنے کا وقت ہے اور کوریا کو اس کی سرزمین پر شکست دی جا سکتی ہے۔ گرو نے پریس ٹرسٹ سے کہا امید ہے کہ ہم اس بار کوریا کو ہرائیںگے۔ ہمیں تینوں سنگلس مقابلے جیتنے ہوں گے کیونکہ ان کی دونوں ڈبلز ٹیمیں بہت مضبوط ہیں۔ یہ مشکل ہو گا لیکن ہم ایک جیت سکتے ہیں۔ گرو نے اس سال بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے تھامس کپ میں اپنے تمام میچ جیتے اور گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں کانسہ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے کہا مجھے ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے صرف ڈیڑھ ماہ ملے اور میں کافی محنت کر رہا ہوں۔ میں نے اپنے مضبوط اطراف پر کام کیا ہے اور طویل بغیر کسی غلطی کے کھیل پا رہا ہوں۔ مجھے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔انہوں نے کہا یہ میرے دوسرے ایشیائی کھیل ہیں اور میں چمپئن شپ میں اچھی کارکردگی کو بے تاب ہوں۔ ہندوستان نے 1966 میں ایشیائی کھیلوں میں بیڈمنٹن کو شامل کئے جانے کے بعد سے صرف سات کانسے جیتے ہیں۔ سید مودی طلائی تمغہ جیتنے والے واحد کھلاڑی رہے جنہوں نے 1982 میں ہندوستان کی میزبانی میں ہوئے کھیلوں میں یہ کمال کیا تھا۔