پیرس، 20 نومبر:جب کبھی لوگ فرانس کی سیاحت کیلئے آتے ہیں تو اکثر و بیشتر اپنے ساتھ اس ملک کی مشہور ترین ایفل ٹاور کا ماڈل یادگار کے طور پر لے جاتے ہیں لیکن اب آپ ایفل ٹاور کی سیڑھیوں کو بھی اپنے ساتھ لے جاسکتے ہیں۔دراصل نیلامی گھر “آرٹ کیوریل” 1889 میں تعمیر شدہ اس ٹاور کی پرانی لوہے کی گھماؤدار سیڑھی آئندہ پیر کو نیلام کرے گا۔ اس ٹاور کی دوسری اور تیسری منزی کو جوڑنے والی سیڑھی کے 2700 سے 40 ہزار ڈالر تک میں فروخت ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ایفل ٹاور کی اصل سیڑھیوں کو 1983 میں حفاظتی اور طبی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث ہٹادیا گیا تھا۔ایک ہزار فٹ سے اونچے ٹاور کی ان سیڑھیوں کو بعد میں چھ سے 30 فٹ کے 24 ٹکڑوں میں کاٹ دیا گیا تھا۔ان ٹکڑوں میں سے ایک کو ایفل ٹاور میں محفوظ کرلیا گیا تھا اور بقیہ تین ٹکڑے پیرس کی میوزیم میں نمائش کیلئے لگادیئے گئے ہیں۔ نیلامی کیلئے رکھی گئی سیڑھی 750 کلو گرام وزنی اور تقریباً ساڑھے تین میٹر اونچی ہے۔