سری نگر: فوج نے ہفتہ کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے نوگام سیکٹر میں سرحد پار سے ہونے والی دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا۔ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو فوجی اہلکار اور دو جنگجو ہلاک ہوگئے ۔
وزارت دفاع کے ترجمان کرنل این این جوشی نے یو این آئی کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ کپواڑہ میں لائن آف کنٹرل (ایل او سی) کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے آج نوگام سیکٹر میں جنگجوؤں کے ایک گروپ کو سرحد کے اس پار دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔ تاہم جب فوجیوں نے جنگجوؤں کو للکارا اور انہیں خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا تو انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
کرنل جوشی نے بتایا کہ فوجیوں نے جوابی کاروائی کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ گولیوں کے تبادلے میں دو جنگجو اور دو فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ دفاعی ترجمان نے بتایا کہ جھڑپ کے مقام سے دو اے کے 47 رائفلیں اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں آپریشن جاری ہے اور سیکورٹی فورسز کی مزید کمک وہاں بھیجی جاچکی ہے ۔ اس سے قبل فوج نے 23 جولائی کو دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا۔