ایل جی کا نیا فلیگ شپ فوج جی فائیو 21 فروری کو سامنے آئے گا تاہم اس جنوبی کورین کمپنی نے اس سے قبل ایک نئی سیریز کے 2 دلچسپ ہینڈ سیٹس ضرور متعارف کرادیئے ہیں۔
ایل جی نے پیر کو اپنی نئی سیریز اسپیشلسٹ کے 2 فونز کو متعارف کرایا ہے اور دونوں الگ الگ خاص شعبوں کے حوالے سے سامنے آئے ہیں۔
یہ دونوں فون باضابطہ طور پر اگلے ہفتے بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران پیش کیے جائیں گے اور انہیں ایل جی ایکس کیم اور ایل جی ایکس اسکرین کے نام دیئے گئے ہیں۔
ایکس کیم 5.2 انچ کا فون ہے جس میں اینڈرائیڈ 6.0 آپریٹنگ سسٹم، 1.14 گیگا ہرٹز اوکٹا کور پروسیسر، 2 جی بی ریم، 16 جی بی اسٹوریج اور 2500 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔
تاہم اس کی خاص چیز کیمرے میں چھپی ہے کیونکہ یہ 2 رئیر کیمروں کے ساتھ ہے ایک 13 میگاپکسلز اور ایک 5 میگاپکسلز جبکہ سیلفی کے لیے فرنٹ پر 8 میگا پکسلز کا کیمرہ موجود ہے۔
ایکس اسکرین نامی فون میں بھی لگ بھگ یہی فیچرز ہیں تاہم اس کی اسکرین 4.93 انچ، 1.2 گیگا ہرٹز کواڈ کور پروسیسر اور 2300 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔
اسی طرح کے بیک میں صرف ایک ہی کیمرہ ہے تاہم اس کی کمی سیکنڈری اسکرین نے پوری کردی ہے جو 1.76 انچ کی ایل سی ڈی اسکرین ہے۔
اس اسکرین پر متعدد نوٹیفکیشنز دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ صارفین کالز کا جواب، اکثر استعمال کی جانے والی ایپس تک رسائی اور موسیقی چلانے کے لیے بھی اسے استعمال کرتے ہیں۔
یہ فون اگلے ماہ ایشیائ، یورپ اور لاطینی امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے تاہم اب تک ان کی قیمت سامنے نہیں آسکی ہے۔